The Wayback Machine - https://web.archive.org/web/20230110024616/https://www.independenturdu.com/node/125721

’ہمیں آدھی رات کو جگا دیا‘: انڈونیشیا میں 7.6 شدت کا زلزلہ

مشرقی انڈونیشیا میں منگل کی صبح آنے والے زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ اس کے شدید جھٹکے شمالی آسٹریلیا میں بھی محسوس کیے گئے اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

Image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کی طرف سے 10 جنوری 2023 کو لی گئی اور جاری کی گئی اس ہینڈ آؤٹ تصویر میں انڈونیشیا اور مشرقی تیمور کے قریب 7.6 شدت کے زلزلے کے بعد صوبے ملوکو کے تنیمبر جزائر میں ایک تباہ شدہ مکان کو دیکھا جاسکتا ہے (اے ایف پی)

مشرقی انڈونیشیا میں منگل کی صبح ایک کم گنجان آباد جزیرے میں آنے والے 7.6 شدت کے زلزلے سے گاؤں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ اس کے شدید جھٹکے شمالی آسٹریلیا میں بھی محسوس کیے گئے اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق زلزلے سے انڈونیشیا کے تنیمبر جزیروں میں دو سکولوں کی عمارتوں اور 15 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق انہوں نے تین سے پانچ سیکنڈ تک زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے، جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

اعدادو شمار کے مطابق 7.6 کی شدت کے زلزلے کا مرکز بحیرہ بندہ میں تھا، جو ملکو صوبے میں تنیمبر جزائر کے قریب تھا، جہاں تقریباً 127,000 افراد مقیم ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پاپوا اور مشرقی نوسا ٹینگارا صوبوں کے ساتھ ساتھ شمالی آسٹریلیا میں بھی محسوس کیے گئے۔

انڈونیشیا کی موسمیات، موسمیات اور جیو فزیکل ایجنسی نے سونامی کی وارننگ جاری کی تھی، جسے تین گھنٹے بعد ختم کردیا گیا تھا۔

ایجنسی کے سربراہ دوائیکوریتا کرناوتی نے کہا: ’زلزلے کے مرکز کے اردگرد لہروں کے مشاہدات کی بنیاد پر سطح سمندر میں کوئی خاص بے ضابطگی یا تبدیلی نہیں دکھائی دی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے کہا کہ زلزلے کی گہرائی 105 کلومیٹر (65 میل) تھا اور اس کا مرکز آسٹریلیا کے شمالی سرے سے زیادہ دور نہیں تھا۔

زیادہ گہرائی میں آنے والے زلزلوں سے سطح زمین پر کم نقصان ہوتا ہے لیکن یہ زیادہ وسیع پیمانے پر محسوس کیے جاتے ہیں۔

شمالی آسٹریلیا میں 1,000 سے زیادہ افراد نے جیو سائنس آسٹریلیا کو اطلاع دی کہ انہوں نے زلزلہ محسوس کیا۔

جوائنٹ آسٹریلوی سونامی وارننگ سینٹر نے کہا کہ زلزلے سے مین لینڈ یا کسی جزیرے یا علاقے کو سونامی کا خطرہ نہیں ہے۔

آسٹریلوی گلوکارہ واسی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ سب سے طویل زلزلہ تھا جسے انہوں نے محسوس کیا تھا۔

انہوں نے لکھا: ’ہم آدھی رات کو گھر سے باہر بھاگے۔ میں نے کبھی ایسے زلزلے کا تجربہ نہیں کیا جو اتنا طویل رہا اور اتنا زوردار محسوس ہوا۔ یہ کافی خوفناک تھا۔‘

انہوں نے مزید لکھا: ’ہمیں آدھی رات کو (زلزلے نے) جگا دیا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا