مندرجات کا رخ کریں

جل تھلیے

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
Image
جل تھلیے

جل تھلیے یا بر بحری (انگریزی: Amphibian) ایسے فقاریہ (Vertebrate) جانور ہیں جو خشکی اور تری دونوں میں یکساں آسانی سے رہ سکتے ہیں۔ یہ عام طور پر جوہڑوں، ندی نالوں، دریاؤں کے ارد گرد اُگی ہوئی گھاس یا زمین میں پڑی دراڑوں میں دن کے وقت چھپے رہتے ہیں۔ اپنے دشمنوں سے بچاؤ کے لیے پانی میں بے دھڑک کو کر گہرائی میں کیچڑ کے اندر چلے جاتے ہیں۔ رات کے وقت اپنی کمین گاہوں سے باہر نکلتے ہیں۔ خشکی پر ارد گرد گھوم کر پھر کیڑے مکوڑوں سے اپنا پیٹ بھر لیتے ہیں۔ جل تھلیے جانوروں کی قدیم نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ جانوروں کی یہ قسم تقریبا 350 ملین سال قبل وجود میں آئی تھی۔ ارتقا کے باعث بعض مچھلیوں میں کچھ ایسی تبدیلیاں رونما ہوئیں کہ وہ ہوا میں سانس لے سکتی تھیں اور زمین پر چل پھر بھی سکتی تھیں۔ بعض مچھلیوں کے پنکھ (Fins) ٹانگوں میں تبدیل ہو گئے اور یہ مچھلیاں جل تھلیے بن گئیں۔ لفظ Amphibian کا مطل ”دوہری زندگی“ ہے۔

اکثر جل تھلیے اپنی زندگی کا ایک حصہ پانی میں اور باقی زمین یعنی خشکی پر گزارتے تھے۔ تقریبا 50 ملین سالوں کے بعد کچھ جل تھلیے خزندے یا ہوام (Reptiles) بن گئے۔ ہوام رینگنے والے جانوروں کو کہتے ہیں اور یہ پانی سے دور رہ سکتے ہیں۔ اگر چہ بہت سے جل تھلیے معدوم ہو چکے ہیں لیکن اب بھی دنیا میں ان کی کئی اقسام موجود ہیں۔ مینڈک، کچھوے، سیلامنڈر سب جل تھلیے ہیں۔

جل تھلیوں میں ریڑھ کی ہڈی موجود ہوتی ہے۔ بالغ جل تھلیوں کی چار ٹانگیں ہوتی ہیں۔ اگرچہ تمام جل تھلیے پانی میں نہیں رہتے لیکن انھیں نمناک جگہ پر رہنا پڑتا ہے۔ انسانوں کی جلد زیرین بافتوں سے پانی کی تبخیر کو روکتی ہے لیکن جل تھلیوں کی جلد میں ایسی خصوصیت موجود نہیں۔ ان کی بافتوں سے جلد کے ذریعے پانی کی تبخیر ہو جاتی ہے۔ اگر کوئی ایسا جانور موسم گرما میں پانی سے دور ہو جائے تو وہ جسم کا پانی خشک ہو جانے سے مر سکتا ہے۔ بہت سے جل تھلیوں میں سانس لینے کے لیے پھیپھڑے ہوتے ہیں، لیکن بعض اپنی جلد کے ذریعے بھی سانس لیتے ہیں۔ کچھ سیلامنڈر مچھلیوں کی طرح پھیپھڑوں سے سانس لیتے ہیں۔ جل تھلیے انڈے دیتے ہیں، جن کا گیلا رہنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ اکثر جل تھلیے پانی میں رہ کر انڈے دیتے ہیں۔ تاہم بعض جل تھلیے نمی والی گہو مثلاً درختوں کے گلے سڑے تنے یا زمین پر گرے ہوئے پتوں کے ڈھیروں وغیرہ میں بھی انڈے دے سکتے ہیں۔ جو انڈے پانی میں دیے جاتے ہیں ان میں سے غوکچے (Tadpoles) یا آزادانہ تیرنے والے لاروے نکلتے ہیں۔ غوکچے پانی میں رہتے ہیں اور گلپھڑوں سے سانس لیتے ہیں۔ جب یہ بالغ ہوتے ہیں تو پانی سے باہر نکل سکتے ہیں اور پھیپھڑوں سے سانس لینا شروع کر دیتے ہیں۔

جل تھلیے سرد خون والے جانور ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے جسم کا درجۂ حرارت مخصوص نہیں ہوتا بلکہ ان کے ارد گرد کے ماحول کے درجۂ حرارت کے مطابق ہو جاتا ہے۔

آج کل پائے جانے والے تمام جل تھلیوں کا تعلق تین گروہوں سے ہے: بے پایاں (Caecilian)، دُمدار (Caudata) اور بے دُم (Anurans) جل تھلیے۔

حوالہ جات

[ترمیم]